اہل بیت نیوز ابنا کی رپورٹ کے مطابق،شیخ نعیم قاسم نے بدھ کی شام ایک بار پھر بیروت کی مغرب نواز اور آلۂ کار حکومت کی مزاحمت مخالف پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدرِ لبنان (جوزف عون) نے یومِ آزادی کی تقریر میں امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کو لبنان کی قومی اور باوقار مزاحمت کے برابر قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریر میں ایک طرف قابض قوت کو رکھا گیا، جو حملے کرتی اور تباہی مچاتی ہے، جبکہ دوسری طرف ان لوگوں کو، جو مصائب برداشت کرتے، مزاحمت کرتے اور قربانیاں دیتے ہیں، اس کے برابر کھڑا کر دیا گیا۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ جب لبنان کے عوام کے وسیع حلقوں میں لفظ آزادی ہی متنازع بن جائے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ لفظ اپنے درست مقام پر استعمال نہیں کیا گیا۔
شیخ نعیم قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ لبنانی حکام پر دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ وہ اسرائیلی دشمن کے مفاد میں رعایتیں دیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ لبنان میں مزاحمت جائز، قومی اور اخلاقی ہے اور وہ لبنان کے تحفظ اور اسے نقصان سے بچانے کے لیے ڈٹ کر کھڑی ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے ملکی خودمختاری کے دفاع میں ناکامی کے بعد اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار کرنا درست نہیں۔ خودمختاری، قومی اتحاد اور دشمن کا مقابلہ محض نعرے نہیں ہیں بلکہ ان پر عملی طور پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
انہوں نے بیروت کی برسراقتدار مغرب نواز حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا اس دور میں بلا معاوضہ رعایتیں دینا حکومت کی پہچان بن چکا ہے؟
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ مزاحمت نے دو برس کے دوران 10 ہزار سے زائد شہدا پیش کیے ہیں، جن میں مجاہدین، خواتین، بچے اور عام شہری شامل ہیں۔ اس عرصے میں لاکھوں گھروں کو تباہ کر دیا گیا جبکہ 30 ہزار افراد زخمی بھی ہوئے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ ایران ہی تھا جس نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو اس کی موجودہ سطح تک محدود رکھا اور اسے مزید پھیلنے اور آگے بڑھنے سے روکا۔
آپ کا تبصرہ